ممبئی، 22/اگست(ایس او نیوز/ایجنسی)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی)کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ حال ہی میں ہماری پارٹی کے کچھ لوگ ایجنسیوں کی تحقیقات کے خوف سے این ڈی اے میں شامل ہوئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے رہنما انفورس منٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)کی نظر میں تھے اور وہ تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے۔
اپنے بھتیجے اجیت پوار کا نام لیے بغیر، سینئر پوار نے کہاکہ حال ہی میں ہمارے کچھ لوگ حکومت میں شامل ہوئے ہیں۔ وہ کہہ رہے تھے کہ وہ ترقی کیلئے حکومت میں شامل ہو رہے ہیں، لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ ان میں سے کچھ لوگ حکومت میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ وہ ای ڈی اور تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے۔
سوشیل میڈیا پر پارٹی کی طرف سے منعقدہ میٹنگ میں این سی پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہاکہ کچھ لوگ جیسے انل دیشمکھ نے تحقیقات کا سامنا کیا اور جیل جانا قبول کر لیا۔ انہوں نے 14 مہینے جیل میں گزارے۔ انہیں اس پارٹی(بی جے پی)میں شامل ہونے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ لیکن انہوں نے اپنا نظریہ ترک نہیں کیا اور این سی پی نہ چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہے۔
پوار نے کہا کہ اس نے(انل دیشمکھ)کوئی جرم نہیں کیا ہے اور اس نے قانون کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو مہاراشٹر کے لوگوں کے مسائل پر توجہ دینی چاہئے۔ ریاست کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ عوام کو بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔